آج کل وزن کم کرنے کے لیے لوگ انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا سے مختلف قسم کے غذائی منصوبے دیکھتے ہیں اور فوراً ان پر عمل شروع کر دیتے ہیں۔ کسی نے سات دن میں وزن کم کیا، کسی نے ایک مہینے میں بہت زیادہ وزن کم کیا تو ہم بھی وہی طریقہ اپنانا شروع کر دیتے ہیں۔ آج کل تو بہت سے لوگ مصنوعی ذہانت سے بھی اپنے لیے غذا کا منصوبہ بنوا لیتے ہیں اور بغیر یہ سوچے اس پر عمل شروع کر دیتے ہیں کہ یہ منصوبہ ان کی اپنی صحت کے لیے مناسب ہے یا نہیں۔
اصل بات یہ ہے کہ ہر انسان کا جسم اور غذائی ضرورت دوسرے انسان سے مختلف ہوتی ہے۔ جو غذا کسی ایک شخص کے لیے مناسب ہے، ضروری نہیں کہ وہ دوسرے شخص کے لیے بھی فائدہ مند ہو۔
بعض لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ اگر کھانا بہت کم کر دیں گے تو وزن تیزی سے کم ہو جائے گا۔ اسی سوچ کی وجہ سے وہ ایسی غذائیں شروع کر دیتے ہیں جن میں جسم کو ضرورت کے مطابق توانائی اور غذائی اجزا نہیں مل پاتے۔ شروع میں وزن کم ہوتا ہوا نظر آ سکتا ہے، لیکن بہت کم کھانے کی وجہ سے کمزوری، تھکن، چکر آنا، بالوں کا زیادہ جھڑنا اور غذائی کمی جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ وزن کم کرنا اچھی بات ہے، لیکن صحت کو خراب کر کے وزن کم کرنا فائدہ نہیں۔
آج کل سوشل میڈیا پر بہت پتلے جسم کو خوبصورتی سمجھنے کا رجحان بڑھ گیا ہے۔ بعض لوگ اپنا وزن مناسب ہونے کے باوجود صرف دوسروں کو دیکھ کر مزید وزن کم کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔ ہمیں اپنے جسم کا موازنہ ہر وقت دوسرے لوگوں سے نہیں کرنا چاہیے۔ مناسب وزن کا تعلق انسان کے قد، عمر، جسمانی ساخت اور مجموعی صحت سے بھی ہوتا ہے۔ اس لیے مقصد صرف یہ نہیں ہونا چاہیے کہ "مجھے بہت پتلا ہونا ہے"، بلکہ مقصد یہ ہونا چاہیے کہ "مجھے صحت مند رہنا ہے۔"
اگر کوئی شخص اچانک اپنی خوراک بہت زیادہ کم کر دے یا کئی ضروری غذائیں بالکل چھوڑ دے تو جسم کو ضروری غذائی اجزا مناسب مقدار میں نہیں مل پاتے۔ اس کے نتیجے میں بعض لوگوں کو مسلسل کمزوری، چکر آنا، بہت زیادہ تھکن، بالوں کا جھڑنا، کام کرنے کی طاقت کم ہونا اور غذائی کمی جیسے مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔ اگر کسی غذا کے منصوبے پر عمل کرنے کے بعد ایسی علامات ظاہر ہوں تو انہیں نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔
آج کل مصنوعی ذہانت سے ہر قسم کی معلومات حاصل کرنا بہت آسان ہو گیا ہے، اور لوگ اپنے لیے غذا کا منصوبہ بھی بنوا لیتے ہیں۔ یہ معلومات حاصل کرنے کا ایک ذریعہ ہو سکتا ہے، لیکن یہ کسی شخص کا مکمل طبی معائنہ نہیں کر سکتی۔ اگر کسی شخص کو پہلے سے کوئی بیماری ہے، خون کی کمی ہے، حمل ہے، بچے کو دودھ پلایا جا رہا ہے، کوئی دوا استعمال ہو رہی ہے یا کوئی دوسری صحت کی پریشانی ہے تو اپنی طرف سے سخت غذائی منصوبہ شروع کرنا مناسب نہیں۔ ایسی صورت میں ڈاکٹر یا ماہرِ غذائیت سے مشورہ کرنا زیادہ بہتر ہے۔
وزن کم کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ ہم روٹی، چاول، پھل یا کسی ایک قسم کی غذا کو مکمل طور پر چھوڑ دیں۔ ایک متوازن غذا میں دالیں، انڈے، گوشت، دودھ اور دہی، سبزیاں، پھل، اناج اور صحت بخش چکنائیاں مناسب مقدار میں شامل کی جا سکتی ہیں۔ اصل بات مقدار اور توازن کی ہے۔
اپنے دوست، رشتہ دار یا سوشل میڈیا پر موجود کسی شخص کا غذائی منصوبہ جوں کا توں اپنانے کے بجائے پہلے اپنی صحت اور ضروریات کو سمجھیں۔ اگر وزن کم کرنا ہے تو بہتر ہے کہ ایسا طریقہ اختیار کیا جائے جس میں جسم کو ضروری غذائیت بھی ملتی رہے اور وزن بھی آہستہ آہستہ صحت مند طریقے سے کم ہو۔ چند دن کی سخت پابندی کے بجائے ایسی عادت اپنائیں جسے آپ لمبے عرصے تک جاری رکھ سکیں۔
انٹرنیٹ پر موجود ہر غذائی منصوبہ ضروری نہیں کہ غلط ہو، لیکن ہر غذائی منصوبہ ہر انسان کے لیے مناسب بھی نہیں ہوتا۔ صرف یہ دیکھ کر کہ کسی شخص نے ایک خاص طریقے سے وزن کم کیا ہے، ہمیں بھی وہی طریقہ شروع نہیں کر دینا چاہیے۔ اپنی صحت کو نظر انداز کر کے وزن کم کرنے سے بہتر ہے کہ کسی ماہر کی رہنمائی میں اپنی ضرورت کے مطابق متوازن غذا اختیار کی جائے۔ کیونکہ آخر میں مقصد صرف کم وزن ہونا نہیں، بلکہ صحت مند ہونا ہے۔
وزن کم کرنے کی جلدی میں اپنی صحت کو نقصان نہ پہنچائیں — مناسب غذا اور درست رہنمائی کے ساتھ آہستہ آہستہ کیا گیا وزن کم کرنا زیادہ بہتر ہے۔